نئی دہلی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے کو منسوخ کرنے سے انکار کرنے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ بی جے پی اروند کیجریوال کے وزیر اعظم نریندر مودی پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کی سخت مذمت کرتی ہے۔ منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد امید ہے کہ اروند کیجریوال مستقبل میں اس طرح کے جھوٹے الزامات نہیں لگائیں گے اور کسی کی بدنامی نہیں کریں گے۔
اروند کیجریوال پر طنز کرتے ہوئے پرساد نے کہا کہ کیجریوال ملک کو بدلنے کا خواب لے کر آئے تھے اور آج کل معافی مانگنے میں ماہر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا، سپریم کورٹ نے گجرات یونیورسٹی کی طرف سے دائر ہتک عزت کے مقدمے کو ختم کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے (اروند کیجریوال) گجرات ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
بی جے پی رہنما نے کہا کہ ایک وقت میں وزیر اعظم کی تعلیمی قابلیت اور ڈگری میں کیجریوال کی دلچسپی بہت بڑھ گئی تھی۔ اروند کیجریوال ہر روز یہ سوال پوچھتے تھے کہ وزیر اعظم نے کہاں سے تعلیم حاصل کی ہے؟ کتنا پڑھے ہیں؟ وزیراعظم اپنی ڈگری دکھائیں۔ انہوں نے حق اطلاعات قانون کے تحت اپنے خیر خواہوں سے اس معاملے کی تفصیلات بھی مانگی تھیں۔ بعد میں عدالت نے معلومات کی درخواست (آر ٹی آئی) کے عمل کو مسترد کر دیا۔
واضح رہے اس دوران عام آدمی پارٹی کے کیجریوال، سنجے سنگھ اور دیگر نے بھی گجرات یونیورسٹی کے خلاف نازیبا باتیں کہی تھیں۔ اس کے بعد گجرات یونیورسٹی نے اپنے رجسٹرار کے ذریعہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا۔ اس کے بعد مجسٹریٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سمن جاری کیا۔ اس کے بعد کیجریوال نے ہتک عزت کے مقدمے کو ختم کرنے کے لیے سیشن کورٹ میں عرضی دائر کی، جسے سیشن کورٹ نے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد کیجریوال ہائی کورٹ پہنچے اور ہائی کورٹ نے بھی ان کی عرضی کو مسترد کر دیا۔